لاہور (شوبز رپورٹر) معروف صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر سے متعلق اپنے دعوے پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد بالآخر خاموشی توڑ دی ہے۔گزشتہ دنوں نعیم حنیف نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ صبا قمر نے 2003 اور 2004 میں لاہور میں ایک شخص کی جانب سے دیے گئے گھر میں رہائش اختیار کی تھی اور ان سے شادی کی خواہش بھی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔
مزید برآں، صحافی نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ اگر کسی شہر میں کوئی شخص صبا قمر کو گھر فراہم کر دے تو وہ وہاں رہنے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں۔ان بیانات کے بعد صبا قمر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کیا، جس میں ایک ہفتے کے اندر معافی مانگنے اور متنازع پروگرام کو یوٹیوب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اداکارہ کے اس اقدام کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے صبا قمر کی حمایت میں آواز بلند کی تاہم اداکارہ میرا نے نعیم حنیف کا دفاع کرتے ہوئے انہیں”باعزت اور باکردار صحافی” قرار دیا۔حالیہ ویڈیو پیغام میں نعیم حنیف نے کہا کہ تنقید میڈیا اور ڈیجیٹل دنیا کی خوبصورتی ہے، وہ اسے خوش دلی سے قبول کرتے ہیں۔ ان کے بقول، “میں برسوں سے اس میدان میں ہوں، اچھی طرح جانتا ہوں کہ کب تنقید سچی ہوتی ہے اور کب خریدی جاتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ مزید حقائق منظرِ عام پر لائیں گے، جس کے بعد موجودہ تنقید بے معنی ہو جائے گی۔نعیم حنیف نے واضح کیا کہ وہ میڈیا کی سینسرشپ سے واقف ہیں اور کسی دباؤ یا نوٹس سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ ان کے مطابق”میں جانتا ہوں کہ اپنے مؤقف پر کیسے قائم رہنا ہے اور ڈٹ کر جواب دینا کیسے ہوتا ہے۔”شوبز حلقوں میں اس تنازعے پر بحث جاری ہے، جبکہ صبا قمر کی قانونی کارروائی کا نتیجہ آئندہ دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔

