صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کیلئےموٹاپے پر قابو پانا نہایت ضروری ہے:رپورٹ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ موٹاپے کے انتظام سے متعلق ورکشاپ میں ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کیلئےموٹاپے پر قابو پانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے صحت بخش غذا اور باقاعدہ ورزش کو ذیابیطس، بلند فشار خون، دل کی بیماریوں اور گردوں کے امراض سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔

ورکشاپ کا انعقاد میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ نے ایک مقامی ہوٹل میں کیا، جہاں پہلے دن ذیابیطس اور اینڈوکرائنولوجی کے شعبے میں نئی پیش رفت پر مفید گفتگو ہوئی۔ ماہرین نے بتایا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زائد وزن اور موٹاپے کی شرح سب سے زیادہ ہے، اور ملک کی تقریباً نصف آبادی اس مسئلے کا شکار ہے۔

عالمی موٹاپہ فیڈریشن کی رپورٹ کے مطابق، 2030 تک پاکستان میں اسکول جانے والے 54 لاکھ بچے موٹاپے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس تشویشناک صورتِ حال پر پروفیسر بلال بن یونس نے کہا کہ موٹاپے سے بچاؤ اور اس پر کنٹرول صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں زیادہ تر پری-ڈائیبیٹک افراد موٹے ہیں اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو وہ جلد ہی ذیابیطس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر آیلا خان نے موٹاپے کے علاج کیلئے مخصوص سہولیات کی عالمی معیار پر دستیابی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر عامر نوید نے موٹاپے سے متعلق آگاہی اور اس کے مؤثر انتظام کے حوالے سے میکٹر انٹرنیشنل کا وژن پیش کیا اور معاشرے میں موٹاپے کی روک تھام کیلئےمختلف تجاویز پیش کیں۔

ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA)، اولا ڈاک، مرہم، صحت کہانی اور لائنس کلب سمیت متعدد اداروں کے ساتھ یادداشتوں پر دستخط کیے۔عاہدوں کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں اور طبی مراکز میں موٹاپے سے متعلق آگاہی اور انتظامی پروگراموں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

عامر نوید نے کہا کہ کسی بھی بیماری کے علاج کیلئےدرست تشخیص نہایت اہم ہے اور اس کے بغیر مؤثر علاج ممکن نہیں۔ انہوں نے بیماریوں سے متعلق آگاہی اور درست تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئےہر سطح پر شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں