صدر زرداری کی بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

منامہ(نمائندہ خصوصی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے منامہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں نئی جہت دینے پر اتفاق کیا گیا۔قصر القضیبیہ آمد پر صدرِ مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ بحرین کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز وسام الشیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ (درجۂ اول) بھی دیا گیا۔ صدر زرداری کو یہ اعزاز دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ صدرِ مملکت نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفرا اسٹرکچر میں مشترکہ منصوبوں پر زور دیا، جبکہ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا۔

عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران اتحاد اور تحمل پر زور دیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کا مضبوط پل ہے، اور بحرین میں مقیم ایک لاکھ سولہ ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔

ملاقات میں کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک بحرین دوستی کی علامت قرار دیا گیا اور اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا کہ صدر زرداری کا دورہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جبکہ انہوں نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔