صدر نے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کر لیے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کر لیے۔ اس حوالے سے صدر کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے گزشتہ روز اپنے استعفے صدر مملکت کو بھجوائے تھے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل استعفے میں 27ویں آئینی ترمیم کو عدلیہ کی آزادی کے خلاف قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ اپنا آئینی اختیار کھو چکی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے استعفے میں مؤقف اپنایا تھا کہ انہوں نے حلف کی پاسداری کے مطابق اپنا کام انجام دیا، تاہم نئے نظام کی بنیاد آئین سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاموش رہنے سے بہتر ہے کہ منصب چھوڑ دیا جائے۔

دونوں ججز نے 27ویں آئینی ترمیم کو عدلیہ کی خودمختاری، سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار اور آئینی ڈھانچے کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ دونوں ججز نے ترمیم کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان کو خطوط بھی لکھے تھے۔