لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور پریس کلب کی نو منتخب گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس صدرار شد انصاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر سلمان قریشی ، نائب صدر ناصره تحقیق، نائب صدر (خاتون) مدیحہ الماس ، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز، اراکین گورننگ باڈی آشر جان ( مینارٹی)، سید سجاد کاظمی ، سر مد فرخ خواجہ، الفت حسین مغل، اسد محمود، محمد احمد رضا، سید بدر سعید، کامران خان ، ربیعہ عظمت اور ظہیر شیخ نے شرکت کی اجلاس کا آغاز کلام پاک سے کیا گیا۔
صدرا رشد انصاری نے اجلاس میں تمام اراکین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب کے ممبران نے ہمیں منتخب کر کے ہم پر بھاری ذمہ داری عائد کر دی ہے اور اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی توقعات پر پورا اتریں جس کیلئے کلب کی منتخب باڈی کو کلب اور ممبر ان کی فلاح و بہبود کیلئےمل جل کر بھر پور محنت کرتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے انشاء اللہ فیز ٹو کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی آئندہ ماہ متوقع ہے لہذا فیز ٹو کے تمام ممبران ڈویلپمنٹ چارجز مقررہ تاریخ تک جمع کرا دیں تاکہ ان کے نام بھی قرعہ اندازی میں شامل ہو جائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ فیرون میں جو کام باقی رہ گئے ہیں ممبر ان کو پلاٹوں کا مسئلہ ہے یا ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں ان مسائل کو آئندہ بورڈ کی میٹنگ میں ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائیگا۔
انھوں نے بتایا کہ ایف بلاک میں تمام ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور ایف بلاک کے ممبران اپنے ذمہ واجبات ادا کر کے گھروں کی تعمیر کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کلب کی تزئین و آرائش کی جائیگی ۔ اجلاس میں درج ذیل فیصلے کئے گئے۔
(۱) اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ پریس کلب اور ممبران کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کیا جائے گا، انھیں نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی جو ادارے یا افراد کلب اور ممبران کیخلاف کسی بھی پلیٹ فارم پر غلط پراپیگنڈہ کرینگے انھیں نوٹس جاری کئے جائینگےتا کہ سب کی عزت محفوظ رہ سکے۔
(۲) کو نسل ممبران اور لائف ممبران کی ممبر شپ لسٹیں سکروٹنی کیلئےفوری طور پر آویزاں کی جارہی ہیں ۔ ممبران اپنے اعتراضات کلب آفس میں جمع کرادیں اعتراضات داخل کرنے والے ممبران کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے تاکہ شفاف سکروٹنی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
(۳) آئینی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق جو ممبران مختلف اداروں میں پی آر او اور وکلاء ہیں ان کی ممبر شپ کو نسل ممبر سے ایسوسی ایٹ ممبر شپ میں شفٹ کر دی جائیگی۔ اور جو ممبران سیاسی جماعتوں یا مذہبی جماعتوں سے وابستہ ہیں ان کے کیسز آئینی کمیٹی کے سپرد کئے جائیں گے۔
(۴) آئین میں موجود خواتین کی مخصوص نشست پر سابقہ ادوار میں تین مرتبہ انتخابات میں حصہ لینے والی خواتین پر الیکشن لڑنے کی عائد پابندی کی شق کو فوری ختم کر ایا جائیگا۔
(۵) فیز ٹو کے تمام الاٹی ممبران 10 فروری تک ڈویلپمنٹ چارجز کی مد میں رقم جمع کرا دیں۔ اس میں مزید توسیع نہیں ہوگی اور قرعہ اندازی میں صرف ان ممبران کو ہی شامل کیا جائیگاجو مقررہ تاریخ تک ڈویلپمنٹ چارجز جمع کرا دینگے۔
(۶) لاہور پریس کلب کے انتخابات کو جدید خطوط پر منعقد کرانے کیلئےبائیو میٹرک طریقہ کار اختیار کرنے پر حکمت عملی وضع کی جائیگی۔

