عالمی اسنوکر: پاکستانی کیوئسٹ حسنین اختر انڈر 17 کے عالمی چیمپئن بن گئے

مناما (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ حسنین اختر نے انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (IBSF) انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چیمپئن کا اعزاز نام کر لیا۔

بحرین کے دارالحکومت مناما میں منعقدہ فائنل مقابلے میں حسنین اختر نے ویلز کے رائلی پاول کو یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دی۔ 16 سالہ قومی کیوئسٹ نے کھیل کے آغاز سے ہی دباؤ میں رکھ کر مخالف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل عمدہ شاٹس کے ذریعے فتح حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے دیگر مراحل میں بھی حسنین اختر کی کارکردگی مثالی رہی۔انہوں نےسیمی فائنل میں پولینڈ کے الیور نیزالیک کو 0-4،کوارٹر فائنل میں پولینڈ ہی کے کژیزٹوف چاپنک کو 1-3،پری کوارٹر فائنل میں عمان کے معتصم السعدی کو 0-3 سے شکست دی۔

اس کامیابی پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے حسنین اختر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔حسنین اختر کی یہ فتح نہ صرف پاکستان کیلئے فخر کا باعث ہے بلکہ نوجوانوں کیلئے بھی ایک حوصلہ افزا مثال بن کر سامنے آئی ہے کہ مسلسل محنت اور لگن سے بین الاقوامی سطح پر بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں