عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کی ایک بار پھر میوزک چارٹس پر حکمرانی

نیویارک (غیر ملکی میڈیا)عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ نے ایک بار پھر میوزک چارٹس پر اپنی حکمرانی ثابت کر دی ہے۔ ان کے تازہ البم لائف آف آ شوگرل کا لیڈ سنگل ’دی فیٹ آف اوفیلیا‘ بل بورڈ ہاٹ 100 پر نویں ہفتے بھی پہلی پوزیشن پر برقرار ہے، جو ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے طویل عرصے تک نمبر ون رہنے والا گانا بن گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے 2022 کے مقبول گانے ’اینٹی ہیرو‘ کا ریکارڈ توڑ دیا، جو آٹھ ہفتوں تک چارٹ میں سرفہرست رہا تھا۔

’دی فیٹ آف اوفیلیا‘ اب بلینک اسپیس، شیک اِٹ آف اور کروئل سمر جیسے مشہور گانوں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے، تاہم یہ گانا ٹیلر سوئفٹ کے کیریئر کا سب سے دیرپا چارٹ ٹاپر ثابت ہو رہا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ گانا وقتی تنزلی کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، جس نے شائقین اور ناقدین کو یکساں طور پر متاثر کیا ہے۔