عالمی شہرت یافتہ ہاکی پلیئر بوولینڈر کی ڈچ سفیر کے ہمراہ پنجاب یونیورسٹی آمد

ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی

لاہور : ہالینڈ کے عالمی شہرت یافتہ ہاکی پلیئر فلورنس جان بوولینڈر کی پنجاب یونیورسٹی آمد طلباء کو کھیلوں میں آگے بڑھنے سے متعلق اہم مشورے دئیے۔اس موقع پر پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر ہینی فوکل بھی ان کے ہمراہ تھی۔ پنجاب یونیورسٹی پہنچنے پر ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر محمد شبیر سرور نے بوولینڈر اور ڈچ سفیر کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

بوولینڈر نے پنجاب یونیورسٹی ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کو کھیل کے داؤ پیچ سکھائے جبکہ انہوں نے فٹبال اور باسکٹ بال میچ میں بھی کھلاڑیوں کے ساتھ شرکت کی۔ فلورنس جان بوولینڈر نے 1990 کے ہاکی ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث پاکستان اور خصوصاً لاہور ان کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔اس موقع پر ڈچ ہاکی لیجنڈ نے پنجاب یونیورسٹی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا شکر یہ ادا کیا جنہوں نے ان کے دورہ پاکستان کو یقینی بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس شبیر سرور کی کارکردگی کو بھی سراہا جو نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر ہینی فوکل کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی میں خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، اتنی بڑی تعداد میں خواتین کھلاڑیوں کو دیکھ کر بے حدخوشی ہوئی امید ہے کہ ادارہ اسی طرح مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی جاری رکھے گا۔

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کھیلوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس شبیر سرور نے کہا کہ ہاکی لیجنڈبوولینڈر کی پنجاب یونیورسٹی آمدہمارے لئے فخر کا مقام ہے وہ جتنے بڑے کھلاڑی تھے اتنے ہی عظیم انسان بھی ہیں، انہوں نے جس طرح ہماری اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی وہ ایک عظیم کھلاڑی ہی کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے ویژن کے مطابق کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں اور بہت جلد سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھیلوں کے فروغ کیلئے مزید نئے پروگرامز کا آغاز کرنے جارہا ہے جس سے نہ صرف گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ قومی سطح پر بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب یونیورسٹی ہمیشہ سے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبہ میں بھی ممتاز مقام کی حامل رہی ہے اور بہت سے عظیم کھلاڑی اسی مادر علمی سے فارغ التحصیل ہیں، ہم اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کھیلوں کی ترقی اور فروغ میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شبیر سرور کی دعوت پر ہالینڈ کی سفیر نے پنجاب یونیورسٹی دوبارہ آنے کا وعدہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں