پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد عامر اور عماد وسیم سمیت 9 کھلاڑیوں کو لیگ کرکٹ کیلئے این او سی جاری کردیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہیں ہیں اب وہ ابوظہبی ٹی ٹین لیگ میں شرکت کریں گے۔افتخار احمد، آصف علی، عثمان طارق اور سلمان ارشاد کو بھی پی سی بی نے لیگ کرکٹ کیلئے این او سی جاری کردیا ہے۔
محمد عامر اور آصف علی آئندہ ٹورنامنٹ میں نیویارک اسٹرائیکرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ عماد وسیم موریس ویل سیمپ آرمی کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔دوسری جانب افتخار احمد اور سلمان ارشاد بالترتیب بنگلا ٹائیگر اور دہلی بلز کی نمائندگی کریں گے۔
علاوہ ازیں کرکٹ بورڈ نے حسان خان کو گلوبل سپر لیگ، انٹرنیشنل لیگ ٹی 20، بگ بیش لیگ کیلئے بھی این او سی جاری کردیا ہے جبکہ لیگ اسپنر اسامہ میر کو بھی فرنچائز کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔