عبدالقادر میمن پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں عبدالقادر میمن کو ایسوسی ایشن کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل منتخب صدر ذوالفقار علی رمزی ذاتی مصروفیات کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

عبدالقادر میمن اس سے پہلے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور آنریری ٹریژرر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر میمن نے کہا کہ انہیں کھیل اور ایسوسی ایشن کے انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے، کوشش ہوگی کہ اس تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی اور عالمی سطح پر اسنوکر کے کھیل کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اسنوکر کا کھیل مقبول ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کو وہ مراعات اور سہولتیں حاصل نہیں جو دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو میسر ہیں، اس حوالے سے حکومتی سطح اور متعلقہ اداروں سے رابطے کیے جائیں گے۔

عبدالقادر میمن نے بتایا کہ محمد آصف سمیت دیگر کھلاڑیوں کی عالمی مقابلوں میں کامیابیوں کے باوجود انعامی رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کا مسئلہ بھی درپیش ہے، جسے ملکی کھیلوں کے قوانین کے مطابق حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عبدالقادر میمن اس سے قبل پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن، پاکستان جونیئر چیمبر انٹرنیشنل، میمن پروفیشنل فورم سمیت مختلف اداروں کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔