عبوری صدر محی الدین وانی نے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کر دی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی نے سابق صدر کا غیر منطقی فیصلہ مسترد کرتے ہوۓ قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد دو سالہ پابندی ختم کردی۔ سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر ہاکی فیڈریشن تعینات کیا گیا تھا، وزیراعظم نے محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ہاکی فیڈریشن میں بد انتظامی کا نوٹس لیا تھا،وزیراعظم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ صدرپی ایچ ایف محی الدین وانی نے عہدہ سنبھالتے ہی کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کااعلان کردیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی اور قومی کھیل کی کھوئی ہوئی عظمت واپس لائیں گے،ادارے کی مضبوطی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل پر کام کریں گے۔

کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں، انتظامی و مالی امور فیڈریشن سنبھالے گی،کوچنگ اور تربیت کے نظام میں بہتری لائی جائے گی،ہاکی کی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے شراکت داری قائم کی جائے گی۔ نئی قیادت کیلئےہاکی فیڈریشن کے شفاف اور جمہوری انتخابات کرائے جائیں گے،تمام ادارے قومی کھیل کی بحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سیاسی جماعتوں سے زیادہ سیاست ہے۔