اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی سب سے اہم چیز ہے اور اگر عدلیہ آزادی کے ساتھ کام کرے گی تو ملک کی سمت درست ہو گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ قانون کا تسلسل اور انصاف کی فراہمی سے ہی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔
ثاقب نثار نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم آنے والی نسل کو بچانے کے لیے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، اور کہا کہ پاکستان کو پانی کی کمی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے بنیادی حقوق کی فراہمی اور تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ تمام ججز نے بنیادی حقوق کے تحفظ کی قسم اٹھائی ہے اور الیکشن اگر شفاف نہیں ہوں گے تو جمہوریت کا وجود برقرار نہیں رہ سکتا۔ ثاقب نثار نے پوچھا کہ کیا کوئی ریاست بغیر آئین کے چل سکتی ہے؟ اور کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں فیصلے عوام کی فلاح کے لیے کیے۔

