عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرا دیا

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں آل راؤنڈر عرفات منہاس کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عرفات منہاس نے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ بھی کیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ فخر زمان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ صائم ایوب 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 34 اور سعد بیگ نے 35 رنز بنائے، جبکہ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے سلمان علی آغا 16 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی پانچ وکٹیں 133 رنز پر گر چکی تھیں۔

اس مشکل صورتِ حال میں حسن نواز نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، عرفات منہاس نے 59 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ فہیم اشرف نے 39 رنز اسکور کیے۔ اختتامی اوورز میں شاہین آفریدی نے 10 اور حارث رؤف نے 4 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 302 رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس ایٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے محتاط مگر مضبوط آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز بنا لیے۔ حارث رؤف نے خطرناک دکھائی دینے والے بین ڈکٹ کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ڈکٹ نے 45 رنز بنائے۔

اس کے بعد عرفات منہاس نے اپنی اسپن بولنگ سے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ انہوں نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ بھی کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کے باعث انگلینڈ کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بیٹن 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جو روٹ نے 33، سیم کرن نے 27، جارڈن کاکس نے 18 اور ول جیکس نے 19 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز 10 رنز کی حد عبور نہ کرسکا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ ٹیم اس میچ میں بھی بڑا مجموعہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں بھی پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تھی اور اس مقابلے کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف میدان میں اترے۔

واضح رہے کہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں بھی پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 306 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔