عرفان پٹھان رن آؤٹ ہونے پر بھائی یوسف پر شدید برہم، ویڈیو وائرل

عرفان پٹھان رن آؤٹ ہونے کے بعد آپے سے باہر ہوگئے، بھائی یوسف پٹھان پر غصہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے دوران اس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا جب رسکی رن لینے کی کوشش میں سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، اس کے بعد گراؤنڈ میں ہی دونوں بھائی عرفان اور یوسف رن آؤٹ پر آپس میں بحث کرتے پائے گئے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں اہم مرحلے پر رن آؤٹ ہونے کے بعد عرفان اپنے بھائی یوسف سے کافی ناخوش نظر آئے اور ہاتھ کے اشارے سے اس کا برملا اظہار بھی کیا۔

مذکورہ واقعہ اننگز کے 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر اس وقت پیش آیا جب عرفان نے ڈیل اسٹین کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلا اور ایک رن لینے کے بعد دوسرے کے لیے بنا دیکھے دوڑ پڑے۔
عرفان اور یوسف رننگ کے دوران جنوبی افریقی فیلڈر نے مستعدی دکھائی اور فوراً ہی بال کو بالنگ اینڈ پر تھرو کیا جہاں اسٹین پہلے سے موجود تھے اور انھوں نے گیند اچک کر عرفان پٹھان کو چلتا کردیا۔

لیفٹ ہینڈ بیٹر نہ جانے کن خیالوں میں گم تھے کہ وہ رن آؤٹ پر اپنے غصے پر بالکل بھی قابو نہ پاسکے اور اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 210 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم محض 156 رنز ہی اسکور کرسکی تاہم پھر بھی وہ سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے میں کامیاب رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں