دبئی( اے سی سی)انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی بدترین شکست کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔
پاکستانی فتح کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین نے عرفان پٹھان کو ٹیگ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ آج اتوار یعنی ’سنڈے‘ ہے۔واضح رہے کہ عرفان پٹھان ماضی میں ایک بیان کے باعث پاکستانی صارفین کی تنقید کی زد میں رہے تھے، جس کا حوالہ دے کر صارفین طنزیہ تبصرے کرتے رہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ عرفان پٹھان کہاں ہو؟ آپ کو بہت یاد کر رہا ہوں کیونکہ آج سنڈے ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ بھارتی ٹیم 156 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، عرفان پٹھان سنڈے کیسا رہا؟ اس کے علاوہ متعدد صارفین نے عرفان پٹھان کو ٹیگ کرتے ہوئے اسی نوعیت کے تبصرے کیے۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 347 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں پاکستان نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

