عزیر بلوچ کے بھائی زبیر بلوچ کو گرفتار کر لیا گیا

کراچی: قانون نافذ کرنے والے ادارے نے جیل میں قید لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے بھائی زبیر بلوچ کو گرفتار کر لیا۔زبیر بلوچ کو پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر لیاری کے علاقے رانگیواڑہ چاکیواڑہ میں چھاپہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے نے زمین میں دفنایا ہوا اسلحہ بھی برآمد کر لیا جس میں ہینڈ گرینیڈ، کلاشنکوف اور گولیاں شامل ہیں۔ ملزم کے خلاف انسداد دہشتگردی کے 2 مقدمات درج کر لئے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ زبیر بلوچ جیل میں بیٹھ کر بھتے کا نیٹ ورک چلا رہا تھا جبکہ گینگ وار کارندوں سے رابطے کر کے بھتہ طلب کیا جاتا تھا، ملزم بیرون ملک فرار کارندوں سے بھی کارروائی کرواتا تھا۔واضح رہے کہ زبیر بلوچ حال ہی میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا اور اس کے لیاری پہنچتے ہی ہوائی فائرنگ کی گئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ روز لیاری آپریشن کے دوران پولیس پر حملے سے متعلق کیس کی اے ٹی سی میں سماعت ہوئی جہاں ملزم عزیر بلوچ کا کہنا تھا کہ سب جیل میں میرے پاس ٹیلی ویژن موجود ہے مگر کیبل فراہم نہیں کی گئی، آپ سب جیل میں آ کر خود دیکھیں میرے ساتھ کتنا ظلم ہو رہا ہے۔

ملزم نے اپنے وکیل کے توسط سے تحریری درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے استفسار کیا تھا کہ سب جیل میں آپ کے پاس ٹیلی ویژن موجود ہے؟

ملزم نے درخواست کی تھی کہ ٹیلی ویژن دیا گیا ہے لیکن ٹی وی کیبل مہیا نہیں کی گئی، سب جیل انتظامیہ کے رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔عدالت نے ملزم کی درخواست پر سب جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کر دیے تھے اور سب جیل انتظامیہ سے 24 دسمبر کو جواب طلب کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں