پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے ن لیگ کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دے دیا۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور باپ اور بیٹی دونوں کے اعصاب پر سوار ہیں، گنڈا پور کا احتجاج کے لیے پنجاب آتے ہیں جو ان کا جمہوری و آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کی کئی باریاں لینے کے باوجود نواز شریف کس سے گلہ کررہے ہیں، شاید وہ بھائی کی حکومت کو ن لیگی حکومت نہیں مانتے ہیں، نواز شریف کی تقریر سے لگ رہا ہے کہ بھائی کی حکومت سے خوش نہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کے پی سے مریضوں کا پنجاب جانے کا نواز شریف کا بیان مضحکہ خیز ہے، شریف خاندان تو خود سردرد کے علاج کیلئے بھی لندن جاتا ہے اگر پنجاب کے اسپتال اتنے اچھے ہیں تو شریف خاندان خود علاج کیوں نہیں کرواتا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں کئی باریاں لینے کے باوجود صحت کارڈ منصوبہ کیوں شروع نہ کیا، اپنا گھر اسکیم منصوبہ کاپی کیا صحت کارڈ منصوبہ کب کاپی کریں گے؟بیرسٹر سیف نے کہا کہ ن لیگ کا معاشی استحکام کا دعویٰ بھی مضحکہ خیز ہے، کیا ملک پر مسلط جعلی فارم 47 کی حکومت ن لیگ کی نہیں؟