اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر پارٹی سینیٹرز کے کمیٹیوں سے استعفے جمع کرانے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔سینیٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام سینیٹرز کے کمیٹیوں سے استعفے بطور احتجاج جمع کرا رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفوں کے بعد پی ٹی آئی سینیٹرز کسی کمیٹی اجلاس کا حصہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 17 ارکان کے استعفے میرے پاس آ چکے ہیں، جن میں اعظم خان سواتی، مرزا آفریدی، ڈاکٹر زرقا سہروردی، عون عباس بپی، محسن عزیز، فیصل جاوید، مشعال یوسفزئی، فلک ناز چترال، فوزیہ ارشد، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، نور الحق قادری، ذیشان خانزادہ، علامہ ناصر عباس، دوست محمد خان، روبینہ ناز اور سیف اللہ خان نیازی شامل ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر جتنے استعفے موصول ہو رہے ہیں وہ جمع کرائے جا رہے ہیں، باقی ارکان کے استعفے بعد میں بھی جمع کرائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹیاں ہمارے بغیر بھی چل سکتی ہیں اور ان کا کورم پورا ہو سکتا ہے، لیکن ہم نے فائدہ نقصان نہیں دیکھنا فیصلہ احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔

