اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جیل میں حالت اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے مختلف خبریں زیر گردش رہتی ہیں۔
تازہ ترین انکشافات کے مطابق، عمران خان کے اڈیالہ جیل کے سیل میں سینکڑوں کی تعداد میں کیمرے اور مائیک نصب کیے گئے ہیں۔
عمران خان کی بہن، علیمہ خان، نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بھائی کے سیل میں 400 سے زائد کیمرے اور مائیک نصب ہیں، جو ان کی ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ دعویٰ انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیے، جہاں وہ مونال ریسٹورنٹ اور مارگلہ ہلز کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس کے خلاف درخواست جمع کرانے آئی تھیں۔
علیمہ خان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ عمران خان کے کیس کی سماعت نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں اور چیف جسٹس کو اپنی معیاد پوری کرنے سے پہلے اپنے عہدے کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے تمام قانونی معاملات اب ختم ہو چکے ہیں اور وہ اپنے بھائی کے کیس کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے آئی ہیں۔