عمران خان کے بیٹوں کے ویزوں پرحکومت تاخیر کر رہی ہے:علیمہ خان

اسلام آباد / راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کی پاکستان آمد سے متعلق ویزا اور نائیکوپ (NICOP) معاملات پر وضاحت دیتے ہوئے حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں میں سے ایک کا نائیکوپ گم ہو چکا ہے اور دوسرے کا فی الوقت دستیاب نہیں، جس پر انہوں نے نئی نائیکوپ اور ویزا کیلئےدو الگ الگ درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا”ایک بیٹے کا نائیکوپ آئندہ 6 سے 7 سال کیلئےقابلِ استعمال ہے، لیکن حکومت کی نیت پر سوال ہے، اگر وہ چاہے تو صرف NICOP نمبر کی بنیاد پر سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے کیونکہ ان کی شناخت اور ریکارڈ دستیاب ہے۔”

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومتی ادارے دانستہ طور پر تاخیر کر رہے ہیں اور بہانہ بنائیں گے کہ کارڈ 4 ہفتے یا 2 مہینے میں بھی جاری نہیں ہو سکتا۔مزید کہا”انہوں نے ویزا کیلئےبھی درخواست دی ہے، جو ایک گھنٹے میں جاری ہو سکتا ہے لیکن حکومت کی مرضی شامل ہے۔”

علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ قاسم اور سلیمان کے پاس برطانوی پاسپورٹ کے ساتھ نائیکوپ بھی موجود ہے، پھر بھی انہیں ویزا جاری نہیں کیا جا رہا، حالانکہ لاکھوں اوورسیز پاکستانی پاکستان نائیکوپ یا ویزا پر داخل ہوتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا”ہماری ویزا درخواستوں کے ٹریکنگ نمبر موجود ہیں، لیکن حکومتی ترجمان جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہیں کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔”علیمہ خان کے مطابق جمائمہ خان کی نمائندہ پیر 4 اگست کو پاکستانی سفارتخانے سے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے رجوع کریں گی۔

مشعال یوسفزئی کی سینیٹر بننے پر ردعمل: ’میرٹ پر فیصلے ہونے چاہیے تھے‘

صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے مشعال یوسفزئی کے سینیٹ میں انتخاب پر براہ راست تنقید سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا”میں ایسے لوگوں پر بات کر کے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی، میرا نقطہ نظر صرف اتنا ہے کہ انصاف ہونا چاہیے تھا۔”انہوں نے واضح کیا کہ”میرٹ کی بنیاد پر فیصلے ہونے چاہیے تھے، مشعال کے علاوہ بھی بہت سے لوگ اہل تھے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں