عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگر گرفتار

کراچی : کراچی ایئر پورٹ پر عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگروں کو گرفتار کرلیا۔حکام نے بتایا گرفتارملزمان میں 7خواتین بھی شامل ہیں ، ٹریول ایجنٹ نے گداگروں کے سفری دستاویزات کا بندوبست کیا۔

ایف آئی اے حکام نے ملزمان سے عمرہ ادائیگی کا بنیادی طریقہ کار پوچھا تو وہ ناواقف نکلے جبکہ مسافروں کے پاس ہوٹل بکنگ کے علاوہ اخراجات کیلئے کوئی رقم بھی موجود نہ تھی۔

دوسری جانب غلط پتہ دے کر سعودی عرب جانیوالی 2 خواتین بھی ایف آئی اے کے نرغے میں آگئیں، ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ زرینہ اور شہناز نور نے خود کو سرگودھا کا ظاہر کیا لیکن پاسپورٹ پر جائے پیدائش رحیم یارخان لکھی تھی۔

خواتین نے دوران تفتیش سب سچ بتادیا خواتین پہلے بھی کئی مرتبہ عمرے کے ویزے پر سعودیہ جاچکی ہیں، خواتین کا تعلق بھیک مانگنے والے گروہ سے ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں