عید کی چھٹیوں میں دبئی کی سرحدوں سے 6 لاکھ سے زائد مسافروں کی آمدورفت

دبئی(نامہ نگار) جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے شناخت و امورِ غیر ملکی دبئی نے انکشاف کیا ہے کہ عید الاضحی کی تعطیلات (5 تا 8 جون 2025) کے دوران دبئی کی ہوائی، زمینی اور سمندری سرحدوں سے مجموعی طور پر 62559مسافر گزرے۔ یہ تعداد دبئی کو ایک عالمی ٹرانزٹ اور اقامتی مرکز کے طور پر حاصل مقام کی گواہی دیتی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سب سے زیادہ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جن کی تعداد 581,527 رہی۔ہتہ زمینی سرحدی چوکی سے 46883مسافر گزرے۔سمندری بندرگاہوں سے گزرنے والے مسافروں کی تعداد 1169رہی۔

ایئرپورٹس سیکٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل طلال الشنقیتی نے اس موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا”یہ اعداد و شمار اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ دبئی دنیا بھر کے مسافروں کیلئےترجیحی سفری مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ہم نے عید کی تعطیلات کے دوران تمام داخلی راستوں پر پیشگی تیاری اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ سہولیات فراہم کیں تاکہ ہر مسافر کو ایک ہموار، محفوظ اور آرام دہ سفر کا تجربہ حاصل ہو۔”

مزید برآں، اماراتی حکام نے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا جنہوں نے عید کی مصروف تعطیلات کے دوران ہر مقام پر موثر خدمات کو یقینی بنایا۔ دبئی کی کامیاب حکمت عملی اس کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور بارڈر مینجمنٹ سسٹمز کی مرہون منت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں