غزہ: اسرائیل سے مزید 30 فلسطینی شہدا کی تشددزدہ لاشیں موصول

غزہ (سی این این) — امن معاہدے کے نفاذ کے بعد اسرائیل سے مزید 30 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ پہنچ گئی ہیں، جن پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ حماس نے بتایا کہ وہ تمام یرغمالیوں کی وہ لاشیں واپس کر چکی ہے جن تک رسائی ممکن تھی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق موصولہ لاشوں میں کچھ پر ہاتھ اور آنکھوں پر پٹی باندھے جانے کے آثار موجود ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ شہادت کب اور کس صورت میں ہوئی۔ وزارت نے اہل خانہ کی مدد کیلئےان لاشوں کی تصاویر ایک مخصوص ویب سائٹ پر شائع کی ہیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کی شناخت کر سکیں۔

اس سے قبل منگل اور بدھ کو اسرائیل نے دو گروپوں میں 90 فلسطینیوں کی لاشیں ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کی تھیں جس کے بعد اب تک واپسی کی گئی لاشوں کی مجموعی تعداد 120 ہو گئی ہے۔ ناصر ہسپتال کے مطابق منگل کو موصول ہونے والی لاشوں کے ہاتھ اور پاؤں بندھے ہوئے تھے اور انہیں ریفریجریٹروں میں نمبرز کے ساتھ رکھا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل نے 360 غزہ کے شہدا کی لاشیں واپس کرنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم واضح نہیں کہ اس ہفتے واپس کی جانے والی لاشیں ان میں شامل ہیں یا نہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ باقی ہلاک شدگان کی لاشیں نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں اور خصوصی آلات درکار ہیں۔ ایک ذریعے کے مطابق اسرائیل کے دعوے کے مطابق حماس کے پاس کم از کم مزید 6 لاشوں تک رسائی موجود ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں