غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو واشنگٹن میں منعقد کرنے کی تیاریاں

واشنگٹن( بین الاقوامی ذرائع)غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی سربراہ اجلاس 19 فروری 2026 کو امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، جس کیلئے اراکین کو دعوت نامے بھیجے جا رہے ہیں۔ اجلاس یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس (U.S. Institute of Peace) میں منعقد ہوگا، جہاں دنیا بھر کے رہنماؤں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔

یہ عالمی فورم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قیادت میں قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے بعد قیام امن، دوسری مرحلے کے امن معاہدے پر عمل اور غزہ کی تعمیرِ نو کیلئے فنڈ ریزنگ ہے۔ بورڈ میں متعدد ممالک شامل ہیں اور اسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری بھی حاصل ہے تاکہ وہ جنگ بندی کے نفاذ، عارضی حکمرانی اور دوبارہ تعمیر کے عمل کی نگرانی کر سکے۔

غزہ بورڈ آف پیس کو عالمی سطح پر ملے جلے ردِعمل کا سامنا ہے،کچھ مڈل ایسٹ اور ایشین ممالک نے شمولیت اختیار کی ہے جبکہ کئی یورپی اتحادی ابھی بھی محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس فورم میں فلسطینی نمائندگی کے فقدان اور اقوامِ متحدہ کے کردار پر خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کا ایجنڈا باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا گیا، مگر بین الاقوامی ذرائع کے مطابق اس میں غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے اقدامات، تعمیرِ نو کے لیے عالمی تعاون اور مالی معاونت کی کوششیں شامل ہوں گی، اور اس کے ساتھ ساتھ امن کے لیے عزم کی تجدید بھی متوقع ہے۔

غزہ بورڈ آف پیس کا قیام صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، جس میں فلسطینی علاقوں میں دیرپا امن و استحکام لانے، انسانی امداد، سیکورٹی اور نظم و حکومت کے امور کو مربوط کرنا شامل ہے۔