غزہ میں 70 ہزار شہادتوں پر خاموش رہنے والا جرمنی شرم کرے: عباس عراقچی

تہران(ایجنسیاں) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جرمن چانسلر کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں 70 ہزار شہادتوں پر خاموش رہنے والا جرمنی شرم کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جرمن چانسلر وینزویلا کے صدر کے مبینہ اغوا پر بھی مسلسل خاموش رہے، ایسے میں برلن انسانی حقوق پر لیکچر دینے کے لیے سب سے بدترین مقام ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جرمنی کی جانب سے انسانی حقوق کے دعوے کھوکھلے ہیں اور غزہ میں ہونے والی وسیع پیمانے پر ہلاکتوں پر خاموشی اس کی دوغلی پالیسیوں کو بے نقاب کرتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے دورے پر موجود جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایرانی حکومت اپنے آخری دن گزار رہی ہے اور ایران میں جمہوری حکومت کی پرامن منتقلی کے لیے امریکا دیگر یورپی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہم ایرانی حکومت کے آخری دنوں اور ہفتوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔