غزہ پر اسرائیلی بمباری، مزید 31 فلسطینی شہید، برطانیہ اور پرتگال آج فلسطین کو تسلیم کرینگے

غزہ/لندن/لزبن (رائٹرز/الجزیرہ/بی بی سی) غزہ پر اسرائیلی افواج کی تازہ بمباری سے اتوار کی صبح سے اب تک 31 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق شمالی غزہ کے صبرہ محلے میں سب سے ہولناک حملہ کیا گیا جہاں ایک ہی خاندان کے 14 افراد ملبے سے نکالے گئے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ متعدد لاشیں اب بھی ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔

غزہ کے مکینوں نے بتایا کہ اسرائیلی ڈرونز اور ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز روبوٹس سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث لوگوں کی نقل و حرکت تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔ فضاء دھوئیں اور ملبے سے بھری ہوئی ہے اور بے گھر افراد سخت خوف میں ہیں۔

اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک کم از کم 65 ہزار 208 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 66 ہزار 271 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر برطانیہ اور پرتگال آج باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر آج اپنے بیان میں اس فیصلے کا اعلان کریں گے، جب کہ پرتگال کی وزارت خارجہ نے بھی اتوار کو اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اسٹارمر نے جولائی میں کہا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے گا بشرطیکہ اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہو اور امن عمل میں پیش رفت کرے، تاہم اسرائیل کی جانب سے ایسا نہ ہونے کے باوجود برطانیہ یہ فیصلہ کر رہا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل دو ریاستی حل کی حمایت کا عالمی پیغام دیا جا سکے۔

مزید یہ کہ فرانس، کینیڈا اور مالٹا بھی آئندہ دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں