غزہ (الجزیرہ/ایجنسیاں) غزہ پر اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں شدت آگئی ہے جس کے نتیجے میں آج صبح سے اب تک مزید 64 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں بچے اور امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔ غزہ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 62 ہزار 686 تک پہنچ گئی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی پر حملے کے منصوبے پر پیش رفت کے ساتھ بمباری میں اضافہ ہوا ہے۔ غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق جنوبی علاقے میں پانچ فلسطینی اس وقت شہید ہوئے جب وہ خوراک کے انتظار میں امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے فوڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے قریب موجود تھے۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ذرائع کے مطابق یہ شہری امداد کے حصول کے لیے جمع تھے جب اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔ اس سے قبل اسپتالوں کے ذرائع نے بتایا تھا کہ کم از کم سات امداد کے متلاشی افراد کو بھی شہید کیا گیا۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک کم از کم 62 ہزار 686 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 57 ہزار 951 زخمی ہو چکے ہیں۔
مزید یہ کہ مئی کے آخر میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے قیام کے بعد سے امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 2095 افراد شہید اور 15 ہزار 431 زخمی ہو چکے ہیں۔

