غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 75 فلسطینی شہید، یرغمالیوں کے اہل خانہ کا احتجاج

غزہ/تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی و زمینی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 فلسطینی شہید اور 370 زخمی ہو گئے، جب کہ بھوک سے 3 مزید افراد نے دم توڑ دیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملوں میں شہید ہونے والوں میں 17 امداد کے متلاشی شہری بھی شامل ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 62 ہزار 819 اور زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 58 ہزار 629 تک پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز بھوک کے باعث 3 نئی اموات ریکارڈ ہوئیں، جس کے بعد بھوک سے مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 303 ہو گئی ہے، جن میں 117 بچے شامل ہیں۔ امداد کے متلاشی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 27 مئی سے اب تک 2 ہزار 140 ہو چکی ہے۔

“اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ کا احتجاج”
ادھر اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ نے تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور حکومت سے فوری طور پر غزہ جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے سڑکیں بلاک کیں، اسرائیلی جھنڈے لہرائے اور یرغمالیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

احتجاج امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ اور مختلف وزرا کے گھروں کے باہر بھی کیا گیا۔

اہل خانہ کی نمائندہ تنظیم نے اپنے بیان میں کہا”ایک تجویز میز پر موجود ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے رہنما مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور جب تک معاہدہ نہ ہو، وہاں سے نہ اٹھیں۔”مقامی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ آئندہ اجلاس میں ممکنہ فائر بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق نئے مذاکرات پر غور کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں