غزہ: پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینی شہید

غزہ (الجزیرہ) غزہ کے مشرقی علاقے میں ایک اسکول کی عمارت میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تازہ حملوں میں اسکول کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جہاں بڑی تعداد میں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔ حملے کے بعد علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیل کی طرف سے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں قحط کی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ طبی اور امدادی اداروں کے مطابق خوراک، ادویات اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ دو سال سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 70 ہزار 669 تک پہنچ چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔