غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب آج مسجد الحرام میں منعقد ہوگی

مکہ مکرمہ(بیورورپورٹ) نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ، مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور تاریخی تقریب آج 25 جون 2025 کو نمازِ عصر کے بعد منعقد ہوگی۔ اس عظیم الشان عمل کیلئےتمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا عمل روایتی طور پر سال میں ایک مرتبہ کیا جاتا ہے، اور یہ تقریب دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئےجذباتی اور روحانی اہمیت رکھتی ہے۔ اس سال بھی حسب روایت، پرانے غلاف کے سنہری حصے نمازِ عصر کے وقت ہٹائے جائیں گے جب کہ نیا غلاف نمازِ عشاء کے بعد بیت اللہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔

غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تیاری کسوہ فیکٹری میں کی گئی ہے، جہاں دو سو سے زائد ماہر کاریگر دن رات محنت سے اس مقدس پردے کی تخلیق میں مشغول رہے۔ غلاف کی تیاری میں1000 کلوگرام خالص ریشم.120 کلوگرام سونے کے تار،100 کلوگرام چاندی کے دھاگےاستعمال کیے گئے ہیں۔

غلافِ کعبہ پر قرآنِ کریم کی آیات کو نہایت خوبصورتی اور عقیدت کے ساتھ کشیدہ کاری کے ذریعے لکھا گیا ہے۔ مکمل غلاف کا وزن 1,415 کلوگرام ہے، اور یہ چار بڑے حصوں کے ساتھ درمیانے اور چھوٹے 47 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

اس روحانی تقریب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شریک ہوں گے جب کہ مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے 159 ماہرین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس عظیم موقع پر موجود ہوں گے۔یہ موقع نہ صرف خانہ کعبہ سے روحانی وابستگی کا مظہر ہے بلکہ اُمت مسلمہ کے اتحاد اور تقدس کا بھی عملی اظہار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں