فاسٹ بولرز کی رہنمائی کیلئے بھارت نے رابطہ کیاہے: عاقب جاوید کا انکشاف

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی سابق فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کیلئےپاکستان سے رابطہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق عاقب جاوید نے پی سی بی کے آفیشل پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے تحت فاسٹ بولنگ سے متعلق رہنمائی کے لیے ان سے رابطہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کھلاڑیوں کی تیاری کیلئے پی سی بی کا انجن روم ہے جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیلئے بڑے منصوبے موجود ہیں جن میں مکمل طور پر فعال بایومکینکس لیبارٹری کا قیام بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق عاقب جاوید نے امید ظاہر کی کہ 2006 سے غیر فعال آئی سی سی سے منظور شدہ بایومکینکس لیبارٹری آئندہ چند ماہ میں فعال ہو جائے گی، جس کے ذریعے غیر قانونی بولنگ ایکشن کی نشاندہی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے پی سی بی کے اوورسیز پاتھ وے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر کے کرکٹرز پاکستان آ کر کوچنگ اور تربیت حاصل کر سکتے ہیں اور پروگرام کے تحت نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان آ چکے ہیں۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ حقیقی پیش رفت کا اندازہ اسی وقت ہوتا ہے جب نظام کو عالمی سطح پر پرکھا جائے، اور آئندہ یہ پروگرام مزید وسعت اختیار کریگا جس کے تحت بھارت سے بھی فاسٹ بولرز کیلئے رہنمائی کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔