فخر ضرورت پڑنے پر کھیلیں گے، بابر کو پتا ہے ہمیں کیا درکار ہے:مائیک ہیسن

کولمبو(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ فخر زمان ضرورت پڑنے پر میدان میں اتریں گے جبکہ بابر اعظم کو بخوبی معلوم ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا درکار ہے۔کولمبو میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے، تیاری مکمل ہے اور امید ہے کہ حالات کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے۔ عثمان طارق غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وہ بیک وقت جارحانہ اور دفاعی انداز میں کھیل سکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم جانتے ہیں کہ ٹیم کو ان سے کیا کردار درکار ہے، مڈل آرڈر میں ان کی موجودگی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمیبیا کے خلاف انہیں گیارہویں یا بارہویں اوور میں بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا، بابر کو علم ہے کہ ابتدائی اوورز میں ان کا اسٹرائیک ریٹ سو سے کم رہا ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ فخر زمان اسکواڈ کا حصہ ہیں اور جب ضرورت ہوگی وہ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اسپن گیند بازوں کا کردار اہم رہا ہے اور ٹیم کمبینیشن حالات کے مطابق طے کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان آغا آؤٹ ہونے پر کچھ مایوس تھے، اس کے علاوہ کوئی خاص بات نہیں ہوئی۔ ایشیا کپ کے بعد بابر اعظم کو ایک مخصوص کردار کے لیے واپس لایا گیا ہے۔ہیڈ کوچ کے مطابق بابر اعظم کے پاس خاص مہارت موجود ہے، تاہم بعض مواقع پر دیگر کھلاڑی وہ کردار بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔