“فلسطین اور کشمیر کے بغیر دنیا کا امن ادھورا”:صدرِ مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد(اے پی پی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا آج پاکستان کے عالمی اور علاقائی امن میں کردار کی تعریف کرتی ہے۔ انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی دہائیوں سے جاری محرومیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حقِ خودارادیت کے بغیر دنیا کا امن مکمل نہیں ہو سکتا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نہ صرف تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہے بلکہ عالمی اور علاقائی استحکام میں اپنا بھرپور کردار بھی ادا کر رہا ہے۔ دنیا اب پاکستان کو عالمی مسائل کے حل میں ایک شریکِ کار کے طور پر جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے آواز بلند کی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق اور عالمی امن کے لیے جرات مندانہ مؤقف اپنایا، جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو نے دنیا بھر میں امن، جمہوریت، خواتین کے حقوق اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔

صدر زرداری نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی محرومیاں عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہیں، اور ان خطوں میں حقِ خودارادیت کے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں طویل خدمات انجام دی ہیں، قدرتی آفات اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کی ہے، اور عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کی حمایت کی ہے۔

صدرِ مملکت نے نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امن، برداشت، رواداری اور مکالمے کی اقدار اپنانے کی تربیت دی جائے تاکہ وہ دنیا کو ایک محفوظ اور انصاف پر مبنی مستقبل کی طرف لے جائیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ہتھیاروں اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تعاون اور ترقی کو ترجیح دی جائے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیغام عالمی یوم امن پر پاکستان کے امن، انصاف اور انسانی حقوق کے عزم کو اجاگر کرتا ہے اور دنیا بھر کی حکومتوں کو مکالمے اور تعاون کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں