غزہ(ایجنسیاں)حماس نے غزہ کے انتظام کو آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم کے مطابق یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد کیا گیا، جس میں غزہ امن کونسل بنانے کی تجویز دی گئی تھی۔
حازم قاسم نے کہا کہ غزہ کے اداروں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ واضح اور حتمی ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ غزہ کی پٹی کے تمام اداروں کے اختیارات آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹک باڈی کو منتقل کیے جائیں گے تاکہ یہ ادارہ اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام شرم الشیخ میں طے پانے والے جنگ بندی منصوبے پر عملدرآمد کا حصہ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ فلسطینی دھڑوں نے اس سے قبل غزہ کے انتظام کو عارضی فلسطینی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا تھا، جو آزاد شخصیات اور مقامی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ یہ اتفاق 24 اکتوبر کو قاہرہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران طے پایا تھا۔

