ریاض (سعودی گزٹ/آئی ایس پی آر)سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک سعودی تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار پر سعودی عرب کے اعلیٰ اعزاز کنگ عبدالعیزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اعزاز ریاض میں سعودی وزیرِ دفاع کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال بھی ہوا۔ شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سعودی گزٹ کے مطابق کنگ عبدالعیزیز میڈل کی پانچ اقسام ہیں اور یہ اعزاز سعودی عرب یا اس کے اداروں کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔ سعودی وزیرِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ خادمِ حرمین شریفین کی ہدایت پر یہ اعزاز پاک سعودی تعاون کو مضبوط بنانے کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت، نمایاں عسکری خدمات اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار کا اعتراف ہے۔
رواں برس اسلام آباد اور ریاض کے درمیان اسٹریٹجک میوچل ڈیفنس معاہدہ طے پایا تھا، جبکہ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے دفاعی و اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

