اوٹاوا (کینیڈین پارلیمنٹ،نمائندہ خصوصی) نارتھ—کیلڈن سے رکنِ پارلیمنٹ روبی سہوتا نے کہا ہے کہ کینیڈا میں بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم پر 25 سال تک قید کی سزا موجود ہے، قوانین پہلے سے موجود ہیں تاہم حکومت انہیں مزید مؤثر بنا رہی ہے۔
ایوانِ نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے روبی سہوتا نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت حکومت نے ضمانت اور سزا سے متعلق اصلاحات متعارف کروائیں جو اس وقت کمیٹی میں زیرِ غور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک انتہائی اہم قانون ’’لا فل ایکسس‘‘ (قانونی رسائی) ہے، جو حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا دوسرا بل تھا۔
روبی سہوتا نے الزام عائد کیا کہ کنزرویٹو پارٹی اس قانون کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہی ہے، حالانکہ ملک بھر میں ہونے والے مختلف اجلاسوں اور سمٹس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح طور پر قانونی رسائی کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے جدید جرائم سے نمٹنے کے لیے قانونی رسائی کو ناگزیر قرار دے چکے ہیں، اس کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے رکاوٹیں ناقابلِ فہم ہیں۔ روبی سہوتا نے مطالبہ کیا کہ کنزرویٹو پارٹی قانون سازی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنا بند کرے تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
روبی سہوتا جرائم کے تدارک (Combatting Crime) کی ذمہ دار سیکریٹری آف اسٹیٹ بھی ہیں ،اس سے قبل چیف گورنمنٹ وِپ کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں، جہاں انہوں نے پارلیمنٹ میں حکومتی قانون سازی کو آگے بڑھانے اور پارٹی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔

