سیمی فائنل میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد4-3 سے شکست، صدر محی الدین وانی کی ٹیم کو مبارکباد
پاکستان ہاکی فیڈریشن میں رجیم چینج کے خوشگوار اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے۔ چار مرتبہ کے عالمی چیمپئن پاکستان نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے سنسنی خیز سیمی فائنل میچ میں جاپان کو 3-4 سے ہراکر ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔قومی ہاکی ٹیم مصر میں یکم تا 7 مارچ تک کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے اعصاب شکن میچ میں پاکستان نے جاپان کو آخری لمحات میں پنلٹی سٹروک روک کے شکست دی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عماد،ابوبکر محمود، محمد سفیان خان اور افراز نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ جاپان کی جانب سے ریوما، شوٹا اور کوجی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ مین آف دی میچ محمد عماد قرار پائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سابقہ رجیم کے دور میں ہی پاکستان آٹھ سال قبل ورلڈ کپ سے باہر ہوا تھا تاہم گزشتہ ماہ حکومت پاکستان نے رجیم چینج آپریشن کرتے ہوۓ طارق بگٹی اور ان کے حواریوں کو دورہ آسٹریلیا میں ہونے والی بدانتظامی کے نتیجہ میں گھر بھیجا جس کے ٹیم کی کارکردگی پر خوشگوار اثرات پڑے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی, ایڈہاک گورننس اینڈ منیجمنٹ چیئرمینز اولمپین اصلاح الدین صدیقی ، اولمپین حسن سردار، چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کی ناقابل شکست کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور فائنل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ورلڈ کپ کا انعقاد رواں برس اگست میں ہالینڈ اور بلجئیم میں ہوگا جس میں دنیا بھر سے سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

