قذافی سٹیڈیم چیمپینز ٹرافی کیلئے تیار ہے:قاضی جواد

لاہور ( محمد بابرسے )قذافی سٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے تیار ہے 8 فروری کو تین ملکی سیریز کےمیچ کے ساتھ پوری دنیا دیکھے گی کہ ہمارے انتطامات کیسے ہیں۔ناقدین کے منہ بند کرنے کیلئے ہمارے شاندار انتظامات ہی کافی ہیں- چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا منفی پراپیگنڈہ 8 فروری کوسہملکی سیریز کے پہلے میچ کے ساتھ ہی دم توڑ جائیگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر قاضی جواد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 جنوری ڈیڈ لائن تھی سٹیڈیم کا تعمیراتی کام مکمل ہوگیا ہے اب صرف ملبہ اٹھانا باقی ہے ظاہر ہے ملبہ اٹھانے میں دو تین دن لگ سکتے ہیں اس پر ایک صحافی کے سوال کے جواب میں قاضی جواد نے کہا کہ میچ سٹیڈم کے اندر ہونا ہے باہر نہیں اس لئے اسٹیڈیم کے اندر میچ کے انعقاد کے تمام انتظامات 100فیصدمکمل ہیں۔

نو تزئین شدہ سٹیڈیم کے باقاعدہ افتتاح کیلئے وزیر اعظم کو درخواست کی ہے جب ان کی طرف سے تاریخ ملے گی اعلان کر دیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں قاضی جواد نے کہا کہ سٹیڈیم کی تعمیر میں پی سی بی کے ساتھ تمام اداروں نے بھرپور تعاون کیا خاص طور پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ان کی بھرپور سپورٹ قابل تحسین ہے۔ انتظامات کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے قاضی جواد نے کہا کہ سٹیڈیم میں آئی سی سی اسٹینڈرڈ کے مطابق جدید ترین فلڈ لائٹس لگائی گئی ہیں۔ اپنے میڈیا دوستوں کو ایک بار پھر سٹیڈیم کے معائنے کیلئے فلڈ لائٹس میں مدعو کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں