قومی اسمبلی: فائر وال لگانے اور ختم کرنے سے متعلق سوالات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفۂ سوالات کے دوران ملک میں فائر وال لگانے اور بعد ازاں اسے ختم کرنے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے۔اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی داوڑ خان کنڈی نے کہا کہ فائر وال لگانے اور پھر اسے ختم کرنے سے متعلق حقائق ایوان کو بتائے جائیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ انہیں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق سوال بتایا گیا تھا، اگر فائر وال کے خاتمے سے متعلق سوال ہے تو الگ سے پوچھا جائے تو اس کا جواب دیا جا سکتا ہے۔شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ 2018 کے بعد ٹیلی کام سیکٹر میں خاطر خواہ کام نہیں ہوا، تاہم اب جس طرح کام کیا جا رہا ہے اس سے سرمایہ کاری واپس آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی ڈیجیٹل باؤنڈری کو محفوظ بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے گزشتہ 20 برس سے کام جاری ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق مئی میں بھارت کے خلاف جنگ کے دوران وار روم قائم کیا گیا تھا اور اس عرصے میں کوئی بھی پاکستانی ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی۔