افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی وائٹس اور اسلام آباد کے درمیان ہوگا
لاہور(رپورٹ، محمد بابر بیوروچیف) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ آج (جمعہ) سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اور اسلام آباد ریجن کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی روز بہاولپور ریجن کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز سے 18 ٹیمیں حصہ لیں گی ان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔یہ میچ لاہور کے دو مقامات قذافی سٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کے علاوہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 23 اور 24 مارچ کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل 26 مارچ کو اسی مقام پر ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 27 مارچ کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جب کہ رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے ملیں گے۔فیصل آباد میں ڈبل ہیڈر میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ لاہور اور ملتان میں میچز شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے میچز جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ اقبال سٹیڈیم میں 14 سے 20 مارچ تک ہونے والے میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔21 سے 27 مارچ تک کے میچز جن میں کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل شامل ہیں، شائقین کے لیے ٹکٹ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں۔

