قومی ٹیم کی 8 گول سے شکست پر فٹبال فیڈریشن نے نیا لوگا جاری کر دیا

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی عراق کے ہاتھوں 8-1 کی شرمناک شکست کے 48 گھنٹوں بعد ہی فیڈریشن کا نیا لوگا جاری کر دیا۔ پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی کی قیادت میں کام کرنے والی پی ایف ایف نے نیا لوگو منتخب کرتے ہوئے اس بات کو خاص طور پر پیش نظر رکھا ہے کہ اس میں پاکستان کی شناخت اور ورثہ کی جھلک نظر آئے، محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل استعمال کیا جانے والا لوگو پاکستان کے جذبہ، ثقافت اور عالمی سطح پر تاثر کو حقیقی معنوں میں اجاگر نہیں کرتا، ہمیں ایک ایسے لوگو کی ضرورت محسوس ہوئی جو ورثہ اور مستقبل کے بلند عزائم کی ترجمانی کرے۔پاکستان فٹبال کے سپانسرز بھی توقع کر رہے تھے کہ ایک ایسا لوگو سامنے آئے جو پاکستان فٹبال کی مستقبل کیلئے خواہشات کو ظاہر کرے، پی ایف ایف کی فٹبال کو ملکی اور انٹرنیشنل سطح پر روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنے کی کاوشوں میں نیا لوگو ایک اہم قدم اور علامت کے طور پر یادگار رہے گا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں طویل عرصہ کی آمریت کے بعد منتخب لیڈرشپ آئی ہے جسے غیر ضروری کاموں سے اجتناب کرتے ہوۓ ملک میں فٹبال کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے لوگو کی تبدیلی سے پاکستان میں فٹبال کے کھیل اور کھلاڑیوں کی صحت پر کوئی اثر  نہیں پڑے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں