بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد نواز امیدوں کا محور ہوں گے
کھلاڑیوں کی قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس، میچ کے تمام ٹکٹ فروخت
دونوں ٹیمیں جمعے کی رات قذافی سٹیڈیم میں دوسرے ٹی ٹونٹی میں آمنے سامنے ہوں گی
پاکستان اور جنوبی کی ٹیموں کے مابین تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جمعے کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جاۓ گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کو میچ میں سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا، جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے میچ میں بآسانی کامیابی حاصل کرکے ایک سیریز کی سبقت حاصل کی تھی جو جمعے کو فتح کی صورت میں سیریز بھی اپنے نام کرنے کی کرلے گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم بھی سیریز بچانے کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف نظر آئی۔ قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں دو گھنٹے کے سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی۔ قومی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم پریکٹس سیشن میں ہیڈ کوچ کے ساتھ اپنی خامیوں پر گفتگو کرتے دکھائی دئیے جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے بھی نیٹ میں خاصا وقت گزارا۔

مہمان ٹیم نے بھی ٹریننگ سیشن کے دوران سیریز کے اہم میچ کیلئے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دی۔ میچ کا آغاز رات آٹھ بجے ہوگا جس میں قومی ٹیم اپنی روایتی گرین جرسی زیب تن کرے گی۔ پہلے ٹی ٹونٹی میں کھلاڑیوں نے بریسٹ کینسر بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے پنک کٹ پہنی تھی۔ میچ کی تمام ٹکٹیں قبل از وقت فروخت ہونے کے باعث آج کے میچ میں ہاؤس فل ہوگا۔ امید ہے قومی ٹیم پہلے میچ کی خامیوں پر قابو پاتے ہوۓ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

