لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں بھارت کو 22 رنز سے شکست دے دی

لارڈز (سپورٹس ڈیسک)لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا، جہاں انگلینڈ نے پانچویں دن کے آخری سیشن میں بھارت کو 22 رنز سے شکست دے دی۔

انگلینڈ کی فتح کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب نوجوان اسپنر شعیب بشیر نے بھارت کے آخری بلے باز محمد سراج کو آؤٹ کر کے میچ کا اختتام کیا۔ اس کامیابی کے بعد انگلینڈ نے سیریز میں واپسی کرتے ہوئے 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 387 رنز بنائے، جس میں سابق کپتان جو روٹ کی شاندار سنچری، جبکہ بریڈن کرس اور جیمی اسمتھ کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔ جواب میں بھارت نے بھی زبردست مزاحمت کرتے ہوئے 387 رنز اسکور کیے۔ کے ایل راہل نے عمدہ سنچری بنائی، جبکہ رشبھ پنٹ اور رویندر جڈیجا نے نصف سنچریوں سے ٹیم کا اسکور برابر تک پہنچایا۔

دوسری اننگز میں انگلش بیٹنگ لائن دباؤ میں نظر آئی اور پوری ٹیم 192 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم مضبوط آغاز کے باوجود بھارتی ٹیم 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی دوسری اننگز میں جڈیجا 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جبکہ کے ایل راہل نے 39 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، بریڈن کرس نے 2 اور شعیب بشیر و کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس نے میچ کے بعد گفتگو میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور شعیب بشیر کی نپی تلی بولنگ کو فتح کا اہم محرک قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں