لاس اینجلس میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دھماکا، 3 اہلکار ہلاک

لاس اینجلس(رائٹرز/فاکس نیوز/لاس اینجلس ٹائمز)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رائٹرز نے فاکس نیوز کے حوالے سے بتایا کہ دھماکا لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے تربیتی مرکز “بسکائیلز سینٹر اکیڈمی” میں ہوا، جہاں تربیتی مشقیں جاری تھیں۔ لاس اینجلس شیرف ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور فی الوقت کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے لیے ایک المناک واقعہ ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم موقع پر موجود ہے۔‘‘

لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق، دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے ایسٹرن ایونیو پر واقع ٹریننگ سینٹر میں ہوا، جہاں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور آتش گیر مواد سے نمٹنے والی ٹیم بھی تعینات تھی۔ ذرائع کے مطابق، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے ایک دھماکا خیز مواد کی منتقلی کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

تاحال دھماکے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم متعلقہ ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں۔ واقعے نے مقامی اور قومی سطح پر سیکیورٹی خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں