لاہور: 6 سال قبل جنات کے ہاتھوں مبینہ اغواء ہونے والی خاتون کی بازیابی کیلئے کمیٹی تشکیل

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور پولیس نے 6 سال قبل مبینہ طور پر جنات کے ہاتھوں اغواء ہونے والی خاتون کو بازیاب کروانے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ سے 6 سال قبل 2 بچوں کی ماں فوزیہ کو مبینہ طور پر جنات نے اغواء کر لیا تھا۔ اس واقعہ کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا تھا، تاہم خاتون تاحال بازیاب نہیں ہو سکی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کیس کی تفتیش کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن ذیشان حیدر کریں گے۔ ٹیم میں ایس ایس پی عاصم کمبوہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن محمد ایاز، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ، ڈی ایس پی سیف سٹی، ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر، دانش رانجھا، ڈی ایس پی عثمان حیدر اور انسپکٹر زاہد سلیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے مغوی خاتون کی جلد بازیابی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں