لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران و ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

لیسکو کی کامیابی کا راز ٹیم ورک اور محنت میں پوشیدہ ہے:انجینئر محمد رمضان بٹ

لیسکو کے افسران و ملازمین نے اپنی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن سے ادارے
کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے:چیئرمین بی او ڈی عامر ضیاء

تقریب میں عمدہ کارکردگی کے حامل افسران اور ملازمین کو شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا گیا

ایکسپو سنٹر لاہور میں لیسکو کے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و ملازمین کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔یہ تقریب وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایات اور ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی رہنمائی میں مالی سال 2024-25 کے دوران شاندار کارکردگی کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاء اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ تھے، جنہوں نے معزز مہمانان، افسران اور ملازمین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی کواعزازی شیلڈز پیش کی گئیں جن میں احتشام خٹک (پراجیکٹ اینالسٹ اے ڈی بی)،افشاں سعید (کنسلٹنٹ اے ڈی بی)،برگیڈیئر سید نیر عباس (سیکٹر کمانڈر رینجرز)،بلال صدیق کمیانہ (سی سی پی او لاہور)،لیسکوبورڈ ممبران طاہر بشارت چیمہ،محمد خالد خان اوررانا عبیداللہ انور شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد خالد خان (جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن) نے کہاکہ لیسکو کا مقصد شفاف، مستحکم اور صارف دوست توانائی نظام کا فروغ ہے،یہ ایوارڈز نہ صرف اعزاز ہیں بلکہ ذمہ داری کا احساس بھی دلاتے ہیں کہ ہم سب مل کر لیسکو کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاء نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن،وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمدخان لغاری کی ہدایات کی روشنی میں لیسکو کے افسران و ملازمین نے اپنی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ یہ ایوارڈز ان کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ سال2025-26کے لئے دعا گو ہیں کہ لیسکو مزید کامیابیاں حاصل کرے۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیسکو ہماری ماں ہے لیسکو کی کامیابی کا راز ٹیم ورک اور محنت میں پوشیدہ ہے،لیسکو کا لائن سٹاف ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہم صارفین کوبلا تعطل بجلی فراہمی اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارا مقصد ایک شفاف، مستحکم اور صارف دوست توانائی نظام کو فروغ دینا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے ایوارڈز تقسیم کرتے ہو ئے کہا کہ یہ اعزازات ان افسران وملازمین کی شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے جنہوں نے اپنے فرائض دیانت داری اور لگن سے انجام دیئے۔

لیسکو بورڈ ممبر طاہر بشارت چیمہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ لیسکو کا ہر شعبہ ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور ایسی تقریبات ملازمین میں خدمت کا جذبہ مزید بڑھاتی ہیں۔تقریب میں میڈیا نمائندگان اورلیسکو کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران و ملازمین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں