لاہور بھاٹی گیٹ واقعہ: شوہر کا پولیس پر تشدد اور جھوٹا اعتراف کرانے کی کوشش کا الزام

لاہور(نمائندگان)لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان پر تشدد کرکے بیوی اور بیٹی کے قتل کا اعتراف کرانے کی کوشش کی۔

میڈیا سے گفتگو میں غلام مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ لاہور آئے تھے اور داتا دربار سے واپسی پر سڑک کراس کرتے ہوئے رکشے میں سوار ہونے لگے تو ان کی اہلیہ اور بیٹی کھلے مین ہول میں گر گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر ریسکیو 1122 کو کال کی، تاہم بعد میں واقعے کو جعلی قرار دیا گیا۔

غلام مرتضیٰ کے مطابق ایس ایچ او زین عباس نے تھانے میں ان پر تشدد کیا جبکہ اس دوران ایک ایس پی بھی موجود تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس بیان تبدیل کروانا چاہتی تھی اور انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ماتحت افسران کو ڈانٹا اور تشدد پر ایس ایچ او کی سرزنش کی۔ غلام مرتضیٰ نے کہا کہ انہیں مالی امداد نہیں بلکہ انصاف چاہیے۔