لاہور (اسپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام نے لاہور میں بسنت کے تہوار میں شرکت کی اور پتنگ اُڑا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی پاکستان میں موجود تھے۔
دورے کے دوران امین الاسلام نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کی اور بنگلادیش کے مؤقف پر حمایت کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں محسن نقوی، امین الاسلام اور عمران خواجہ کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے جن میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین کی پاکستان آمد کا مقصد پاکستان کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش بھی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں آئی سی سی نے پی سی بی سے درخواست کی کہ پاک، بھارت میچ کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے دوبارہ رابطہ کیا جائے، جس پر چیئرمین پی سی بی نے آمادگی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی آئندہ ایک دو روز میں وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور آئی سی سی کی درخواست کے تناظر میں ہدایات حاصل کریں گے، جبکہ پاک بھارت میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری سے ہوگا۔

