لاہور: داڑھی پر ڈیزائننگ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی رخسانہ کوثر نے داڑھی پر کسی بھی قسم کی ڈیزائننگ کروانے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ داڑھی خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سنت مبارکہ ہے، اور اس پر کسی بھی قسم کی ڈیزائننگ یا اسٹائلنگ سخت گناہ اور سنت کی توہین ہے۔ رخسانہ کوثر نے مطالبہ کیا ہے کہ داڑھی پر ڈیزائننگ کرنے والے حجاموں اور کروانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس عمل کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی جائے تاکہ معاشرے میں اسلامی شعائر کی حرمت برقرار رکھی جا سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے اضلاع گوادر، دالبندین اور خاران میں مقامی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے ڈیزائن دار داڑھی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کی تحصیل چارسدہ میں بھی اسٹائلش داڑھی بنانے پر متعدد حجاموں کو حراست میں لیا گیا تھا، جب کہ کچھ عرصہ قبل خیبرپختونخوا میں حجاموں نے اجتماعی طور پر داڑھی پر ڈیزائن نہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں