لاہور شاپنگ فیسٹیول کا تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام

تین روزہ میگا ایونٹ میں شہریوں، کاروباری برادری اور غیر ملکی وفود کی بھرپور شرکت

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی روز بھی لاہور ایکسپو سینٹر کاروباری، تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا جہاں شہریوں، کاروباری شخصیات، فیملیز اور غیر ملکی وفود کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کے دوران, صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فردوس نثار، وقاص اسلم، احسن شاہد، رانا نثار، شعبان اختر و دیگر ممبران نے سٹالز کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر نے ایگزیبیٹرز میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔ تین روزہ ایکسپو میں ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک جبکہ 20 رکنی چینی تجارتی و سیاحتی وفد نے لاہور شاپنگ فیسٹیول کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران احسن شاہد، فردوس نثار، آمنہ رندھاوا، رانا نثار، احد امین ملک، عبدالمجید، وقاص اسلم، شعیبان اختر، محسن بشیر، عمر سرفراز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

فیسٹیول میں 150 سے زائد سٹالز پر معروف برانڈز، گارمنٹس، گھریلو مصنوعات، لائف سٹائل، فوڈ، ہینڈ کرافٹس اور مختلف صنعتی و تجارتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی۔ تین روز کے دوران شہریوں اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے فیسٹیول کا رخ کیا اور خریداری کے ساتھ ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول 2026 نے مقامی صنعت، تجارت اور برانڈز کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا، مقامی صنعتکاروں اور برانڈز کو مارکیٹ فراہم کرنا اور شہریوں کو ایک مثبت اور فیملی فرینڈلی ماحول مہیا کرنا ہے۔

سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ مقامی برانڈز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول نے کاروباری برادری، صنعتکاروں اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جو خوش آئند امر ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداران نے فیسٹیول میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی وفود، برانڈز، کاروباری اداروں، سپانسرز، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے بڑے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔